گھڑی کی دعائیں

موجودہ گھنٹہ

سونے سے پہلے کی دعا - بارہویں ساعت

نیند سے پہلے ہم مسیح کے دفن کو، دنیا کی گزرگاہی حیثیت کو یاد کرتے ہیں، اور رات بھر معافی اور حفاظت مانگتے ہیں۔

ہر ساعت کی تمہید

باپ اور بیٹے اور روح القدس کے نام پر

ایک خدا، آمین۔

اے رب رحم فرما۔ اے رب رحم فرما۔ اے رب برکت دے۔ آمین۔

باپ اور بیٹے اور روح القدس کو جلال، اب بھی اور ہر زمانہ میں اور اَبدُالآباد تک، آمین۔

خداوند کی دعا

بلکہ یوں دعا کیا کرو، اے ہمارے آسمانی باپ، تیرا نام مُقدّس مانا جائے۔

¶ تیری بادشاہی آئے۔ تیری مرضی جس طرح آسمان میں پوری ہوتی ہے زمین پر بھی پوری ہو۔

¶ ہماری روز کی روٹی آج ہمیں دے۔

¶ ہمارے گناہوں کو معاف کر جس طرح ہم نے اُنہیں معاف کیا جنہوں نے ہمارا گناہ کیا ہے۔

¶ اور ہمیں آزمائش میں نہ پڑنے دے بلکہ ہمیں ابلیس سے بچائے رکھ۔ [کیونکہ بادشاہی، قدرت اور جلال ابد تک تیرے ہی ہیں۔]

دعائے شکرگزاری

آئیے نیکیوں کے صانع، رحیم خدا کا شکر کریں، جو ہمارے خداوند اور خدا اور نجات دہندہ یسوع مسیح کے باپ ہیں، کیونکہ اُس نے ہمیں ڈھانپا اور مدد دی، اور محفوظ رکھا، اور اپنی طرف قبول کیا، اور ہم پر ترس کھایا، اور ہمیں سہارا دیا، اور ہمیں اس ساعت تک پہنچایا۔ ہم یہ بھی اُس سے مانگتے ہیں کہ وہ ہمیں اس مقدس دن میں اور ہماری ساری عمر کے تمام ایام میں کامل سلامتی کے ساتھ محفوظ رکھے۔ ہمارا ربّ خدا، قادرِ مطلق۔

اَے آقا خدا، قادرِ مطلق، جو ہمارے خداوند اور خدا اور نجات دہندہ یسوع مسیح کے باپ ہے، ہم تیرا شکر کرتے ہیں ہر حال میں، ہر امر کے لیے، اور ہر حالت میں؛ کیونکہ تُو نے ہمیں ڈھانپا، اور ہماری مدد کی، اور ہمیں محفوظ رکھا، اور ہمیں اپنی طرف قبول کیا، اور ہم پر ترس کھایا، اور ہمیں سہارا دیا، اور ہمیں اس ساعت تک پہنچایا۔

پس ہم تیری بھلائی سے درخواست اور التجا کرتے ہیں، اَے محبِّ بشر، ہمیں بخش کہ ہم اس مقدس دن اور اپنی عمر کے سارے ایام کو تیری خوفداری کے ساتھ پورے سکون سے تمام کریں۔ ہر حسد، ہر آزمائش، اور ابلیس کے ہر فعل کو، اور شریر لوگوں کی سازش کو، اور پوشیدہ و ظاہر دشمنوں کے قیام کو ہم سے، تیری ساری قوم سے، اور اس تیرے مقدس مقام سے دور کر دے۔ اور جو چیزیں اچھی اور نفع بخش ہیں وہ ہمیں عطا فرما؛ کیونکہ تُو ہی نے ہمیں یہ اختیار دیا ہے کہ ہم سانپوں اور بچھوؤں اور دشمن کی ساری قوت پر پاؤں رکھیں۔ اور ہمیں آزمائش میں نہ لا، بلکہ شریر سے بچا۔

تیرے اکلوتے بیٹے، ہمارے خداوند اور خدا اور نجات دہندہ یسوع مسیح کی نعمت، شفقتوں اور انسان سے محبت کے سبب؛ جس کے وسیلہ سے تجھ کو جلال، عزت، طاقت اور سجدہ زیبا ہے، اُس کے ساتھ اور تیرے جان بخش روح القدس کے ساتھ جو تیرے برابر ہے، اب بھی اور ہر زمانہ میں اور اَبدُالآباد تک، آمین۔

زبور 50

¶ آسف کا زبور۔ رب قادرِ مطلق خدا بول اُٹھا ہے، اُس نے طلوعِ صبح سے لے کر غروبِ آفتاب تک پوری دنیا کو بُلایا ہے۔

¶ اللہ کا نور صیون سے چمک اُٹھا ہے، اُس پہاڑ سے جو کامل حُسن کا اظہار ہے۔

¶ ہمارا خدا آ رہا ہے، وہ خاموش نہیں رہے گا۔ اُس کے آگے آگے سب کچھ بھسم ہو رہا ہے، اُس کے ارد گرد تیز آندھی چل رہی ہے۔

¶ وہ آسمان و زمین کو آواز دیتا ہے، ”اب مَیں اپنی قوم کی عدالت کروں گا۔

¶ میرے ایمان داروں کو میرے حضور جمع کرو، اُنہیں جنہوں نے قربانیاں پیش کر کے میرے ساتھ عہد باندھا ہے۔“

¶ آسمان اُس کی راستی کا اعلان کریں گے، کیونکہ اللہ خود انصاف کرنے والا ہے۔ (سِلاہ)

¶ ”اے میری قوم، سن! مجھے بات کرنے دے۔ اے اسرائیل، مَیں تیرے خلاف گواہی دوں گا۔ مَیں اللہ تیرا خدا ہوں۔

¶ مَیں تجھے تیری ذبح کی قربانیوں کے باعث ملامت نہیں کر رہا۔ تیری بھسم ہونے والی قربانیاں تو مسلسل میرے سامنے ہیں۔

¶ نہ مَیں تیرے گھر سے بَیل لوں گا، نہ تیرے باڑوں سے بکرے۔

¶ کیونکہ جنگل کے تمام جاندار میرے ہی ہیں، ہزاروں پہاڑیوں پر بسنے والے جانور میرے ہی ہیں۔

¶ مَیں پہاڑوں کے ہر پرندے کو جانتا ہوں، اور جو بھی میدانوں میں حرکت کرتا ہے وہ میرا ہے۔

¶ اگر مجھے بھوک لگتی تو مَیں تجھے نہ بتاتا، کیونکہ زمین اور جو کچھ اُس پر ہے میرا ہے۔

¶ کیا تُو سمجھتا ہے کہ مَیں سانڈوں کا گوشت کھانا یا بکروں کا خون پینا چاہتا ہوں؟

¶ اللہ کو شکرگزاری کی قربانی پیش کر، اور وہ مَنت پوری کر جو تُو نے اللہ تعالیٰ کے حضور مانی ہے۔

¶ مصیبت کے دن مجھے پکار۔ تب مَیں تجھے نجات دوں گا اور تُو میری تمجید کرے گا۔“

¶ لیکن بےدین سے اللہ فرماتا ہے، ”میرے احکام سنانے اور میرے عہد کا ذکر کرنے کا تیرا کیا حق ہے؟

¶ تُو تو تربیت سے نفرت کرتا اور میرے فرمان کچرے کی طرح اپنے پیچھے پھینک دیتا ہے۔

¶ کسی چور کو دیکھتے ہی تُو اُس کا ساتھ دیتا ہے، تُو زناکاروں سے رفاقت رکھتا ہے۔

¶ تُو اپنے منہ کو بُرے کام کے لئے استعمال کرتا، اپنی زبان کو دھوکا دینے کے لئے تیار رکھتا ہے۔

¶ تُو دوسروں کے پاس بیٹھ کر اپنے بھائی کے خلاف بولتا ہے، اپنی ہی ماں کے بیٹے پر تہمت لگاتا ہے۔

¶ یہ کچھ تُو نے کیا ہے، اور مَیں خاموش رہا۔ تب تُو سمجھا کہ مَیں بالکل تجھ جیسا ہوں۔ لیکن مَیں تجھے ملامت کروں گا، تیرے سامنے ہی معاملہ ترتیب سے سناؤں گا۔

¶ تم جو اللہ کو بھولے ہوئے ہو، بات سمجھ لو، ورنہ مَیں تمہیں پھاڑ ڈالوں گا۔ اُس وقت کوئی نہیں ہو گا جو تمہیں بچائے۔

¶ جو شکرگزاری کی قربانی پیش کرے وہ میری تعظیم کرتا ہے۔ جو مصمم ارادے سے ایسی راہ پر چلے اُسے مَیں اللہ کی نجات دکھاؤں گا۔“

ابتدایۂ دعا

اس بابرکت دن کی نیند (ساعتِ نوم) کی تسبیح، میں اسے مسیح اپنے بادشاہ اور اپنے خدا کو پیش کرتا ہوں، اور اُس سے امید رکھتا ہوں کہ وہ میرے گناہ بخش دے۔

زبور 129

¶ زیارت کا گیت۔ اسرائیل کہے، ”میری جوانی سے ہی میرے دشمن بار بار مجھ پر حملہ آور ہوئے ہیں۔

¶ میری جوانی سے ہی وہ بار بار مجھ پر حملہ آور ہوئے ہیں۔ توبھی وہ مجھ پر غالب نہ آئے۔“

¶ ہل چلانے والوں نے میری پیٹھ پر ہل چلا کر اُس پر اپنی لمبی لمبی ریگھاریاں بنائی ہیں۔

¶ رب راست ہے۔ اُس نے بےدینوں کے رسّے کاٹ کر مجھے آزاد کر دیا ہے۔

¶ اللہ کرے کہ جتنے بھی صیون سے نفرت رکھیں وہ شرمندہ ہو کر پیچھے ہٹ جائیں۔

¶ وہ چھتوں پر کی گھاس کی مانند ہوں جو صحیح طور پر بڑھنے سے پہلے ہی مُرجھا جاتی ہے

¶ اور جس سے نہ فصل کاٹنے والا اپنا ہاتھ، نہ پُولے باندھنے والا اپنا بازو بھر سکے۔

¶ جو بھی اُن سے گزرے وہ نہ کہے، ”رب تمہیں برکت دے۔“ ہم رب کا نام لے کر تمہیں برکت دیتے ہیں!

زبور 130

¶ زیارت کا گیت۔ اے رب، مَیں تجھے گہرائیوں سے پکارتا ہوں۔

¶ اے رب، میری آواز سن! کان لگا کر میری التجاؤں پر دھیان دے!

¶ اے رب، اگر تُو ہمارے گناہوں کا حساب کرے تو کون قائم رہے گا؟ کوئی بھی نہیں!

¶ لیکن تجھ سے معافی حاصل ہوتی ہے تاکہ تیرا خوف مانا جائے۔

¶ مَیں رب کے انتظار میں ہوں، میری جان شدت سے انتظار کرتی ہے۔ مَیں اُس کے کلام سے اُمید رکھتا ہوں۔

¶ پہرے دار جس شدت سے پَو پھٹنے کے انتظار میں رہتے ہیں، میری جان اُس سے بھی زیادہ شدت کے ساتھ، ہاں زیادہ شدت کے ساتھ رب کی منتظر رہتی ہے۔

¶ اے اسرائیل، رب کی راہ دیکھتا رہ! کیونکہ رب کے پاس شفقت اور فدیہ کا ٹھوس بندوبست ہے۔

¶ وہ اسرائیل کے تمام گناہوں کا فدیہ دے کر اُسے نجات دے گا۔

زبور 131

¶ زیارت کا گیت۔ اے رب، نہ میرا دل گھمنڈی ہے، نہ میری آنکھیں مغرور ہیں۔ جو باتیں اِتنی عظیم اور حیران کن ہیں کہ مَیں اُن سے نپٹ نہیں سکتا اُنہیں مَیں نہیں چھیڑتا۔

¶ یقیناً مَیں نے اپنی جان کو راحت اور سکون دلایا ہے، اور اب وہ ماں کی گود میں بیٹھے چھوٹے بچے کی مانند ہے، ہاں میری جان چھوٹے بچے کی مانند ہے۔

¶ اے اسرائیل، اب سے ابد تک رب کے انتظار میں رہ!

زبور 132

¶ زیارت کا گیت۔ اے رب، داؤد کا خیال رکھ، اُس کی تمام مصیبتوں کو یاد کر۔

¶ اُس نے قَسم کھا کر رب سے وعدہ کیا اور یعقوب کے قوی خدا کے حضور مَنت مانی،

¶ ”نہ مَیں اپنے گھر میں داخل ہوں گا، نہ بستر پر لیٹوں گا،

¶ نہ مَیں اپنی آنکھوں کو سونے دوں گا، نہ اپنے پپوٹوں کو اونگھنے دوں گا

¶ جب تک رب کے لئے مقام اور یعقوب کے سورمے کے لئے سکونت گاہ نہ ملے۔“

¶ ہم نے اِفراتہ میں عہد کے صندوق کی خبر سنی اور یعر کے کھلے میدان میں اُسے پا لیا۔

¶ آؤ، ہم اُس کی سکونت گاہ میں داخل ہو کر اُس کے پاؤں کی چوکی کے سامنے سجدہ کریں۔

¶ اے رب، اُٹھ کر اپنی آرام گاہ کے پاس آ، تُو اور عہد کا صندوق جو تیری قدرت کا اظہار ہے۔

¶ تیرے امام راستی سے ملبّس ہو جائیں، اور تیرے ایمان دار خوشی کے نعرے لگائیں۔

¶ اے اللہ، اپنے خادم داؤد کی خاطر اپنے مسح کئے ہوئے بندے کے چہرے کو رد نہ کر۔

¶ رب نے قَسم کھا کر داؤد سے وعدہ کیا ہے، اور وہ اُس سے کبھی نہیں پھرے گا، ”مَیں تیری اولاد میں سے ایک کو تیرے تخت پر بٹھاؤں گا۔

¶ اگر تیرے بیٹے میرے عہد کے وفادار رہیں اور اُن احکام کی پیروی کریں جو مَیں اُنہیں سکھاؤں گا تو اُن کے بیٹے بھی ہمیشہ تک تیرے تخت پر بیٹھیں گے۔“

¶ کیونکہ رب نے کوہِ صیون کو چن لیا ہے، اور وہی وہاں سکونت کرنے کا آرزومند تھا۔

¶ اُس نے فرمایا، ”یہ ہمیشہ تک میری آرام گاہ ہے، اور یہاں مَیں سکونت کروں گا، کیونکہ مَیں اِس کا آرزومند ہوں۔

¶ مَیں صیون کی خوراک کو کثرت کی برکت دے کر اُس کے غریبوں کو روٹی سے سیر کروں گا۔

¶ مَیں اُس کے اماموں کو نجات سے ملبّس کروں گا، اور اُس کے ایمان دار خوشی سے زوردار نعرے لگائیں گے۔

¶ یہاں مَیں داؤد کی طاقت بڑھا دوں گا، اور یہاں مَیں نے اپنے مسح کئے ہوئے خادم کے لئے چراغ تیار کر رکھا ہے۔

¶ مَیں اُس کے دشمنوں کو شرمندگی سے ملبّس کروں گا جبکہ اُس کے سر کا تاج چمکتا رہے گا۔“

زبور 133

¶ داؤد کا زبور۔ زیارت کا گیت۔ جب بھائی مل کر اور یگانگت سے رہتے ہیں یہ کتنا اچھا اور پیارا ہے۔

¶ یہ اُس نفیس تیل کی مانند ہے جو ہارون امام کے سر پر اُنڈیلا جاتا ہے اور ٹپک ٹپک کر اُس کی داڑھی اور لباس کے گریبان پر آ جاتا ہے۔

¶ یہ اُس اوس کی مانند ہے جو کوہِ حرمون سے صیون کے پہاڑوں پر پڑتی ہے۔ کیونکہ رب نے فرمایا ہے، ”وہیں ہمیشہ تک برکت اور زندگی ملے گی۔“

زبور 136

¶ رب کا شکر کرو، کیونکہ وہ بھلا ہے، اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ خداؤں کے خدا کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ مالکوں کے مالک کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جو اکیلا ہی عظیم معجزے کرتا ہے اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے حکمت کے ساتھ آسمان بنایا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے زمین کو مضبوطی سے پانی کے اوپر لگا دیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے آسمان کی روشنیوں کو خلق کیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے سورج کو دن کے وقت حکومت کرنے کے لئے بنایا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے چاند اور ستاروں کو رات کے وقت حکومت کرنے کے لئے بنایا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے مصر میں پہلوٹھوں کو مار ڈالا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جو اسرائیل کو مصریوں میں سے نکال لایا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے اُس وقت بڑی طاقت اور قدرت کا اظہار کیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے بحرِ قُلزم کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے اسرائیل کو اُس کے بیچ میں سے گزرنے دیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے فرعون اور اُس کی فوج کو بحرِ قُلزم میں بہا کر غرق کر دیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے ریگستان میں اپنی قوم کی قیادت کی اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے بڑے بادشاہوں کو شکست دی اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے طاقت ور بادشاہوں کو مار ڈالا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے اموریوں کے بادشاہ سیحون کو موت کے گھاٹ اُتارا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے بسن کے بادشاہ عوج کو ہلاک کر دیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے اُن کا ملک اسرائیل کو میراث میں دیا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے اُن کا ملک اپنے خادم اسرائیل کی موروثی ملکیت بنایا اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے ہمارا خیال کیا جب ہم خاک میں دب گئے تھے اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جس نے ہمیں اُن کے قبضے سے چھڑایا جو ہم پر ظلم کر رہے تھے اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ جو تمام جانداروں کو خوراک مہیا کرتا ہے اُس کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

¶ آسمان کے خدا کا شکر کرو، کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔

زبور 137

¶ جب صیون کی یاد آئی تو ہم بابل کی نہروں کے کنارے ہی بیٹھ کر رو پڑے۔

¶ ہم نے وہاں کے سفیدہ کے درختوں سے اپنے سرود لٹکا دیئے،

¶ کیونکہ جنہوں نے ہمیں گرفتار کیا تھا اُنہوں نے ہمیں وہاں گیت گانے کو کہا، اور جو ہمارا مذاق اُڑاتے ہیں اُنہوں نے خوشی کا مطالبہ کیا، ”ہمیں صیون کا کوئی گیت سناؤ!“

¶ لیکن ہم اجنبی ملک میں کس طرح رب کا گیت گائیں؟

¶ اے یروشلم، اگر مَیں تجھے بھول جاؤں تو میرا دہنا ہاتھ سوکھ جائے۔

¶ اگر مَیں تجھے یاد نہ کروں اور یروشلم کو اپنی عظیم ترین خوشی سے زیادہ قیمتی نہ سمجھوں تو میری زبان تالو سے چپک جائے۔

¶ اے رب، وہ کچھ یاد کر جو ادومیوں نے اُس دن کیا جب یروشلم دشمن کے قبضے میں آیا۔ اُس وقت وہ بولے، ”اُسے ڈھا دو! بنیادوں تک اُسے گرا دو!“

¶ اے بابل بیٹی جو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے، مبارک ہے وہ جو تجھے اُس کا بدلہ دے جو تُو نے ہمارے ساتھ کیا ہے۔

¶ مبارک ہے وہ جو تیرے بچوں کو پکڑ کر پتھر پر پٹخ دے۔

زبور 140

¶ داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ اے رب، مجھے شریروں سے چھڑا اور ظالموں سے محفوظ رکھ۔

¶ دل میں وہ بُرے منصوبے باندھتے، روزانہ جنگ چھیڑتے ہیں۔

¶ اُن کی زبان سانپ کی زبان جیسی تیز ہے، اور اُن کے ہونٹوں میں سانپ کا زہر ہے۔ (سِلاہ)

¶ اے رب، مجھے بےدین کے ہاتھوں سے محفوظ رکھ، ظالم سے مجھے بچائے رکھ، اُن سے جو میرے پاؤں کو ٹھوکر کھلانے کے منصوبے باندھ رہے ہیں۔

¶ مغروروں نے میرے راستے میں پھندا اور رسّے چھپائے ہیں، اُنہوں نے جال بچھا کر راستے کے کنارے کنارے مجھے پکڑنے کے پھندے لگائے ہیں۔ (سِلاہ)

¶ مَیں رب سے کہتا ہوں، ”تُو ہی میرا خدا ہے، میری التجاؤں کی آواز سن!“

¶ اے رب قادرِ مطلق، اے میری قوی نجات! جنگ کے دن تُو اپنی ڈھال سے میرے سر کی حفاظت کرتا ہے۔

¶ اے رب، بےدین کا لالچ پورا نہ کر۔ اُس کا ارادہ کامیاب ہونے نہ دے، ایسا نہ ہو کہ یہ لوگ سرفراز ہو جائیں۔ (سِلاہ)

¶ اُنہوں نے مجھے گھیر لیا ہے، لیکن جو آفت اُن کے ہونٹ مجھ پر لانا چاہتے ہیں وہ اُن کے اپنے سروں پر آئے!

¶ دہکتے کوئلے اُن پر برسیں، اور اُنہیں آگ میں، اتھاہ گڑھوں میں پھینکا جائے تاکہ آئندہ کبھی نہ اُٹھیں۔

¶ تہمت لگانے والا ملک میں قائم نہ رہے، اور بُرائی ظالم کو مار مار کر اُس کا پیچھا کرے۔

¶ مَیں جانتا ہوں کہ رب عدالت میں مصیبت زدہ کا دفاع کرے گا۔ وہی ضرورت مند کا انصاف کرے گا۔

¶ یقیناً راست باز تیرے نام کی ستائش کریں گے، اور دیانت دار تیرے حضور بسیں گے۔

زبور 141

¶ داؤد کا زبور۔ اے رب، مَیں تجھے پکار رہا ہوں، میرے پاس آنے میں جلدی کر! جب مَیں تجھے آواز دیتا ہوں تو میری فریاد پر دھیان دے!

¶ میری دعا تیرے حضور بخور کی قربانی کی طرح قبول ہو، میرے تیری طرف اُٹھائے ہوئے ہاتھ شام کی غلہ کی نذر کی طرح منظور ہوں۔

¶ اے رب، میرے منہ پر پہرہ بٹھا، میرے ہونٹوں کے دروازے کی نگہبانی کر۔

¶ میرے دل کو غلط بات کی طرف مائل نہ ہونے دے، ایسا نہ ہو کہ مَیں بدکاروں کے ساتھ مل کر بُرے کام میں ملوث ہو جاؤں اور اُن کے لذیذ کھانوں میں شرکت کروں۔

¶ راست باز شفقت سے مجھے مارے اور مجھے تنبیہ کرے۔ میرا سر اِس سے انکار نہیں کرے گا، کیونکہ یہ اُس کے لئے شفابخش تیل کی مانند ہو گا۔ لیکن مَیں ہر وقت شریروں کی حرکتوں کے خلاف دعا کرتا ہوں۔

¶ جب وہ گر کر اُس چٹان کے ہاتھ میں آئیں گے جو اُن کا منصف ہے تو وہ میری باتوں پر دھیان دیں گے، اور اُنہیں سمجھ آئے گی کہ وہ کتنی پیاری ہیں۔

¶ اے اللہ، ہماری ہڈیاں اُس زمین کی مانند ہیں جس پر کسی نے اِتنے زور سے ہل چلایا ہے کہ ڈھیلے اُڑ کر اِدھر اُدھر بکھر گئے ہیں۔ ہماری ہڈیاں پاتال کے منہ تک بکھر گئی ہیں۔

¶ اے رب قادرِ مطلق، میری آنکھیں تجھ پر لگی رہتی ہیں، اور مَیں تجھ میں پناہ لیتا ہوں۔ مجھے موت کے حوالے نہ کر۔

¶ مجھے اُس جال سے محفوظ رکھ جو اُنہوں نے مجھے پکڑنے کے لئے بچھایا ہے۔ مجھے بدکاروں کے پھندوں سے بچائے رکھ۔

¶ بےدین مل کر اُن کے اپنے جالوں میں اُلجھ جائیں جبکہ مَیں بچ کر آگے نکلوں۔

زبور 145

¶ داؤد کا زبور۔ حمد و ثنا کا گیت۔ اے میرے خدا، مَیں تیری تعظیم کروں گا۔ اے بادشاہ، مَیں ہمیشہ تک تیرے نام کی ستائش کروں گا۔

¶ روزانہ مَیں تیری تمجید کروں گا، ہمیشہ تک تیرے نام کی حمد کروں گا۔

¶ رب عظیم اور بڑی تعریف کے لائق ہے۔ اُس کی عظمت انسان کی سمجھ سے باہر ہے۔

¶ ایک پشت اگلی پشت کے سامنے وہ کچھ سراہے جو تُو نے کیا ہے، وہ دوسروں کو تیرے زبردست کام سنائیں۔

¶ مَیں تیرے شاندار جلال کی عظمت اور تیرے معجزوں میں محوِ خیال رہوں گا۔

¶ لوگ تیرے ہیبت ناک کاموں کی قدرت پیش کریں، اور مَیں بھی تیری عظمت بیان کروں گا۔

¶ وہ جوش سے تیری بڑی بھلائی کو سراہیں اور خوشی سے تیری راستی کی مدح سرائی کریں۔

¶ رب مہربان اور رحیم ہے۔ وہ تحمل اور شفقت سے بھرپور ہے۔

¶ رب سب کے ساتھ بھلائی کرتا ہے، وہ اپنی تمام مخلوقات پر رحم کرتا ہے۔

¶ اے رب، تیری تمام مخلوقات تیرا شکر کریں۔ تیرے ایمان دار تیری تمجید کریں۔

¶ وہ تیری بادشاہی کے جلال پر فخر کریں اور تیری قدرت بیان کریں

¶ تاکہ آدم زاد تیرے قوی کاموں اور تیری بادشاہی کی جلالی شان و شوکت سے آگاہ ہو جائیں۔

¶ تیری بادشاہی کی کوئی انتہا نہیں، اور تیری سلطنت پشت در پشت ہمیشہ تک قائم رہے گی۔

¶ رب تمام گرنے والوں کا سہارا ہے۔ جو بھی دب جائے اُسے وہ اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔

¶ سب کی آنکھیں تیرے انتظار میں رہتی ہیں، اور تُو ہر ایک کو وقت پر اُس کا کھانا مہیا کرتا ہے۔

¶ تُو اپنی مٹھی کھول کر ہر جاندار کی خواہش پوری کرتا ہے۔

¶ رب اپنی تمام راہوں میں راست اور اپنے تمام کاموں میں وفادار ہے۔

¶ رب اُن سب کے قریب ہے جو اُسے پکارتے ہیں، جو دیانت داری سے اُسے پکارتے ہیں۔

¶ جو اُس کا خوف مانیں اُن کی آرزو وہ پوری کرتا ہے۔ وہ اُن کی فریادیں سن کر اُن کی مدد کرتا ہے۔

¶ رب اُن سب کو محفوظ رکھتا ہے جو اُسے پیار کرتے ہیں، لیکن بےدینوں کو وہ ہلاک کرتا ہے۔

¶ میرا منہ رب کی تعریف بیان کرے، تمام مخلوقات ہمیشہ تک اُس کے مُقدّس نام کی ستائش کریں۔

زبور 146

¶ رب کی حمد ہو! اے میری جان، رب کی حمد کر۔

¶ جیتے جی مَیں رب کی ستائش کروں گا، عمر بھر اپنے خدا کی مدح سرائی کروں گا۔

¶ شرفا پر بھروسا نہ رکھو، نہ آدم زاد پر جو نجات نہیں دے سکتا۔

¶ جب اُس کی روح نکل جائے تو وہ دوبارہ خاک میں مل جاتا ہے، اُسی وقت اُس کے منصوبے ادھورے رہ جاتے ہیں۔

¶ مبارک ہے وہ جس کا سہارا یعقوب کا خدا ہے، جو رب اپنے خدا کے انتظار میں رہتا ہے۔

¶ کیونکہ اُس نے آسمان و زمین، سمندر اور جو کچھ اُن میں ہے بنایا ہے۔ وہ ہمیشہ تک وفادار ہے۔

¶ وہ مظلوموں کا انصاف کرتا اور بھوکوں کو روٹی کھلاتا ہے۔ رب قیدیوں کو آزاد کرتا ہے۔

¶ رب اندھوں کی آنکھیں بحال کرتا اور خاک میں دبے ہوؤں کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے، رب راست باز کو پیار کرتا ہے۔

¶ رب پردیسیوں کی دیکھ بھال کرتا، یتیموں اور بیواؤں کو قائم رکھتا ہے۔ لیکن وہ بےدینوں کی راہ کو ٹیڑھا بنا کر کامیاب ہونے نہیں دیتا۔

¶ رب ابد تک حکومت کرے گا۔ اے صیون، تیرا خدا پشت در پشت بادشاہ رہے گا۔ رب کی حمد ہو۔

زبور 147

¶ رب کی حمد ہو! اپنے خدا کی مدح سرائی کرنا کتنا بھلا ہے، اُس کی تمجید کرنا کتنا پیارا اور خوب صورت ہے۔

¶ رب یروشلم کو تعمیر کرتا اور اسرائیل کے منتشر جلاوطنوں کو جمع کرتا ہے۔

¶ وہ دل شکستوں کو شفا دے کر اُن کے زخموں پر مرہم پٹی لگاتا ہے۔

¶ وہ ستاروں کی تعداد گن لیتا اور ہر ایک کا نام لے کر اُنہیں بُلاتا ہے۔

¶ ہمارا رب عظیم ہے، اور اُس کی قدرت زبردست ہے۔ اُس کی حکمت کی کوئی انتہا نہیں۔

¶ رب مصیبت زدوں کو اُٹھا کھڑا کرتا لیکن بدکاروں کو خاک میں ملا دیتا ہے۔

¶ رب کی تمجید میں شکر کا گیت گاؤ، ہمارے خدا کی خوشی میں سرود بجاؤ۔

¶ کیونکہ وہ آسمان پر بادل چھانے دیتا، زمین کو بارش مہیا کرتا اور پہاڑوں پر گھاس پھوٹنے دیتا ہے۔

¶ وہ مویشی کو چارا اور کوّے کے بچوں کو وہ کچھ کھلاتا ہے جو وہ شور مچا کر مانگتے ہیں۔

¶ نہ وہ گھوڑے کی طاقت سے لطف اندوز ہوتا، نہ آدمی کی مضبوط ٹانگوں سے خوش ہوتا ہے۔

¶ رب اُن ہی سے خوش ہوتا ہے جو اُس کا خوف مانتے اور اُس کی شفقت کے انتظار میں رہتے ہیں۔

¶ اے یروشلم، رب کی مدح سرائی کر! اے صیون، اپنے خدا کی حمد کر!

¶ کیونکہ اُس نے تیرے دروازوں کے کنڈے مضبوط کر کے تیرے درمیان بسنے والی اولاد کو برکت دی ہے۔

¶ وہی تیرے علاقے میں امن اور سکون قائم رکھتا اور تجھے بہترین گندم سے سیر کرتا ہے۔

¶ وہ اپنا فرمان زمین پر بھیجتا ہے تو اُس کا کلام تیزی سے پہنچتا ہے۔

¶ وہ اُون جیسی برف مہیا کرتا اور پالا راکھ کی طرح چاروں طرف بکھیر دیتا ہے۔

¶ وہ اپنے اولے کنکروں کی طرح زمین پر پھینک دیتا ہے۔ کون اُس کی شدید سردی برداشت کر سکتا ہے؟

¶ وہ ایک بار پھر اپنا فرمان بھیجتا ہے تو برف پگھل جاتی ہے۔ وہ اپنی ہَوا چلنے دیتا ہے تو پانی ٹپکنے لگتا ہے۔

¶ اُس نے یعقوب کو اپنا کلام سنایا، اسرائیل پر اپنے احکام اور آئین ظاہر کئے ہیں۔

¶ ایسا سلوک اُس نے کسی اَور قوم سے نہیں کیا۔ دیگر اقوام تو تیرے احکام نہیں جانتیں۔ رب کی حمد ہو!

پاک انجیل مقدّس لوقا کے مطابق (باب 2: 25-32)

¶ اُس وقت یروشلم میں ایک آدمی بنام شمعون رہتا تھا۔ وہ راست باز اور خدا ترس تھا اور اِس انتظار میں تھا کہ مسیح آ کر اسرائیل کو سکون بخشے۔ روح القدس اُس پر تھا،

اور اُس نے اُس پر یہ بات ظاہر کی تھی کہ وہ جیتے جی رب کے مسیح کو دیکھے گا۔

اُس دن روح القدس نے اُسے تحریک دی کہ وہ بیت المُقدّس میں جائے۔ چنانچہ جب مریم اور یوسف بچے کو رب کی شریعت کے مطابق پیش کرنے کے لئے بیت المُقدّس میں آئے

تو شمعون موجود تھا۔ اُس نے بچے کو اپنے بازوؤں میں لے کر اللہ کی حمد و ثنا کرتے ہوئے کہا،

¶ ”اے آقا، اب تُو اپنے بندے کو اجازت دیتا ہے کہ وہ سلامتی سے رِحلت کر جائے، جس طرح تُو نے فرمایا ہے۔

¶ کیونکہ مَیں نے اپنی آنکھوں سے تیری اُس نجات کا مشاہدہ کر لیا ہے

¶ جو تُو نے تمام قوموں کی موجودگی میں تیار کی ہے۔

¶ یہ ایک ایسی روشنی ہے جس سے غیریہودیوں کی آنکھیں کھل جائیں گی اور تیری قوم اسرائیل کو جلال حاصل ہو گا۔“

تین تقدیسات (تریساگیون)

پاک ہے خدا، پاک ہے زورآور، پاک ہے زندہ جو کبھی نہیں مرتا، جو کنواری سے پیدا ہوا، ہم پر رحم کر۔ پاک ہے خدا، پاک ہے زورآور، پاک ہے زندہ جو کبھی نہیں مرتا، جو ہمارے لیے مصلوب ہوا، ہم پر رحم کر۔ پاک ہے خدا، پاک ہے زورآور، پاک ہے زندہ جو کبھی نہیں مرتا، جو مُردوں میں سے جی اٹھا اور آسمانوں پر چڑھا، ہم پر رحم کر۔ باپ اور بیٹے اور روح القدس کو جلال، اب بھی اور ہر زمانہ میں اور دَہرُالدُّهور تک۔ آمین۔ اَے تثلیثِ اقدس، ہم پر رحم فرما۔ اَے تثلیثِ اقدس، ہم پر رحم فرما۔ اَے تثلیثِ اقدس، ہم پر رحم فرما۔

اَے رب، ہمارے گناہ معاف کر۔ اَے رب، ہماری خطائیں بخش دے۔ اَے رب، ہماری لغزشیں درگزر فرما۔ اَے رب، اپنی مقدس نام کی خاطر اپنے لوگوں کے بیماروں کی خبر لے اور انہیں شفا دے۔ ہمارے آباء اور بھائی جو سو گئے، اَے رب، اُن کی جانوں کو آرام دے۔ اَے تو جو بےگناہ ہے، اَے رب، ہم پر رحم کر۔ اَے بےگناہ رب، ہماری مدد کر، اور ہماری درخواستیں تیرے حضور قبول کر؛ کیونکہ تیرے ہی لیے جلال، عزت اور سہ گانہ تقدیس ہے۔ اَے رب رحم فرما۔ اَے رب رحم فرما۔ اَے رب برکت دے۔ آمین۔

اور ہمیں اس لائق بنا کہ ہم شکرگزاری کے ساتھ کہیں: اَے ہمارے باپ جو آسمان پر ہے۔۔۔

سلام ہو تجھ پر

سلام ہو تجھ پر۔ ہم تجھ سے درخواست کرتے ہیں، اَے مقدسہ، جلال سے معمور، سدا کنواری، والدۂ الٰہ، مسیح کی ماں، ہماری دعائیں اپنے پیارے بیٹے کے حضور پیش کر کہ وہ ہمارے گناہوں کو معاف کرے۔

سلام ہو اُس پر جس نے ہمارے لیے سچا نور، مسیح ہمارے خدا کو جنم دیا؛ اے مقدسہ کنواری، خداوند سے ہمارے لیے شفاعت کر کہ وہ ہماری جانوں پر رحم کرے اور ہمارے گناہ معاف کرے۔

اَے کنواری مریم، والدۂ الٰہ، اَے مقدسہ اور نوعِ انسانی کی امانت دار شفیعہ، اُس مسیح کے حضور ہمارے لیے شفاعت کر جس کو تُو نے جَنا، تاکہ وہ ہمیں ہمارے گناہوں کی معافی عنایت فرمائے۔

سلام ہو تجھ پر، اَے کنواری، حقیقی ملکہ؛ سلام ہو ہماری نسل کے فخر کو؛ تُو نے ہمارے لیے عِمّانوایل کو جَنا۔ ہم تجھ سے درخواست کرتے ہیں: ہمیں یاد رکھ، اَے امانت دار شفیعہ، ہمارے خداوند یسوع مسیح کے روبرو، کہ وہ ہمارے گناہوں کو معاف کرے۔

قانونِ ایمان کا آغاز

ہم تیری تعظیم کرتے ہیں، اَے حقیقی نور کی ماں، اور ہم تیری تمجید کرتے ہیں، اَے مقدسہ کنواری، والدۂ الٰہ، کیونکہ تُو نے ہمارے لیے جہان کے نجات دہندہ کو جَنا؛ وہ آیا اور اُس نے ہماری جانوں کو بچایا۔

جلال تجھے ہو، اَے ہمارے آقا اور بادشاہ مسیح، رسولوں کا فخر، شہیدوں کا تاج، صادقوں کی خوشی، کلیسیاؤں کا ثبات، گناہوں کی مغفرت۔

ہم تثلیثِ اقدس کی بشارت دیتے ہیں، ایک الوہیت؛ ہم اُسے سجدہ کرتے اور جلال دیتے ہیں۔ اے رب رحم فرما۔ اے رب رحم فرما۔ اے رب برکت دے۔ آمین۔

مقدس اور راسخُ الاعتقاد قانونِ ایمان

درحقیقت ہم ایک خدا پر ایمان رکھتے ہیں، خدا باپ، قادرِ مطلق پر، آسمان اور زمین کے، اور سب نظر آنے والی اور نہ نظر آنے والی چیزوں کے خالق پر۔

اور ایک خداوند یسوع مسیح پر ایمان رکھتے ہیں، خدا کے اکلوتے بیٹے پر، جو سب دَهور سے پہلے باپ سے پیدا ہوا؛ نور سے نور؛ سچا خدا سچے خدا سے؛ پیدا ہوا، مخلوق نہیں؛ باپ کے ہم جوہر؛ جس کے وسیلہ سے سب چیزیں ہوئیں۔ جو ہمارے انسانوں اور ہماری نجات کے لیے آسمان سے اُترا، اور روح القدس سے اور کنواری مریم سے مجسم ہوا، اور انسان بنا۔ اور ہمارے لیے پنطیُس پیلاطس کے عہد میں مصلوب ہوا؛ دُکھ اُٹھایا اور دفن ہوا؛ اور تیسرے دن صحیفوں کے مطابق مُردوں میں سے جی اُٹھا؛ اور آسمانوں پر چڑھا؛ اور باپ کے دہنے بیٹھا ہے؛ اور پھر اپنے جلال کے ساتھ آنے والا ہے زندوں اور مُردوں کا انصاف کرنے کو؛ جس کی بادشاہی کا کبھی خاتمہ نہ ہوگا۔

ہاں، ہم روح القدس پر ایمان رکھتے ہیں، جو خداوند ہے اور حیات بخشنے والا ہے، جو باپ سے صادر ہوتا ہے؛ جس کو باپ اور بیٹے کے ساتھ ایک سا سجدہ اور جلال ملتا ہے؛ جس نے نبیوں کے ذریعے کلام کیا۔

اور ایک مقدس، جامع اور رسولی کلیسیا پر۔

اور گناہوں کی معافی کے لیے ایک بپتسمہ کا اقرار کرتے ہیں۔

اور مُردوں کے جی اٹھنے اور آنے والے جہان کی زندگی کے منتظر ہیں۔ آمین۔

Κύριε ἐλέησون کیریالیسون (خداوندا، رحم فرما) 41 بار

قدوس، قدوس، قدوس

قدوس، قدوس، قدوس، ربُّ الصباؤوت۔ آسمان اور زمین تیری جلال اور تیری کرامت سے معمور ہیں۔ اے خدا باپ قادرِ مطلق، ہم پر رحم فرما۔ اَے تثلیثِ اقدس، ہم پر رحم فرما۔ اَے رب، افواج کے خدا، ہمارے ساتھ رہ؛ کیونکہ مصیبتوں اور تنگیوں میں تیرے سوا ہمارا کوئی مددگار نہیں۔

اَے خدا، ہماری بدیوں کو حل کر، معاف کر اور درگزر فرما، جو ہم نے ارادے سے کیں اور جو بغیر ارادے کے کیں، جو دانستہ کیں اور جو نادانستہ؛ پوشیدہ اور ظاہر۔ اَے رب، اپنے اُس پاک نام کی خاطر جو ہم پر لیا گیا ہے، اُن سب کو ہمیں بخش دے۔ اَے رب، اپنی رحمت کے موافق، نہ کہ ہمارے گناہوں کے موافق۔

اور ہمیں اس لائق بنا کہ ہم شکرگزاری کے ساتھ کہیں: اے ہمارے باپ جو آسمان پر ہے۔۔۔

تحلیل

اَے رب، جو کچھ بھی ہم نے آج تیرے خلاف خطا کی—چاہے عمل سے، یا قول سے، یا خیال سے، یا سب حواس کے وسیلہ سے—اُس کو اپنے پاک نام کی خاطر ہمیں معاف اور درگزر فرما، جیسے کہ تُو نیک اور محبِّ بشر ہے۔ اور ہمیں ایک پُرسکون رات عنایت فرما، اور اس نیند کو ہر اضطراب سے پاک بنا۔ اور ہمارے لیے سلامتی کا فرشتہ بھیج دے کہ وہ ہمیں ہر شر سے، ہر مار سے، اور دشمن کی ہر آزمائش سے بچا کر رکھے؛ تیرے اکلوتے بیٹے، ہمارے خداوند اور خدا اور نجات دہندہ یسوع مسیح کی نعمت، شفقت اور انسان سے محبت کے سبب؛ جس کے وسیلہ سے، اُس کے ساتھ، تجھ کو جلال، عزت اور قدرت زیبا ہے، اور تیرے جان بخش روح القدس کے ساتھ جو تیرے برابر ہے، اب بھی اور ہر زمانہ میں اور دہرُالدُّهور تک۔ آمین۔

ہر ساعت کے آخر میں پڑھی جانے والی درخواست

ہم پر رحم فرما، اے خدا، پھر ہم پر رحم فرما۔ تُو جو ہر وقت اور ہر ساعت، آسمان پر اور زمین پر، سجدہ اور تمجید پانے کے لائق ہے؛ مسیح، ہمارے نیک خدا؛ دیر غصہ، کثیرالرحم، اور نہایت ترس والا؛ جو صادقوں سے محبت رکھتا اور گنہگاروں پر رحم کرتا ہے—جن میں پہلا میں ہوں—جو نہ شریر کی موت چاہتا ہے بلکہ یہ کہ وہ رجوع لائے اور زندہ رہے؛ جو سب کو نجات کی طرف بُلانے والا ہے، آئندہ کی نیک باتوں کے وعدے کے سبب۔

اَے رب، اس ساعت اور ہر ساعت ہماری درخواستیں قبول فرما۔ ہماری زندگی آسان بنا۔ ہمیں اپنی وصیتوں پر عمل کرنے کی راہ دکھا۔ ہماری روحوں کو مقدس کر۔ ہمارے جسموں کو پاک کر۔ ہمارے خیالات کو سیدھا کر۔ ہماری نیتوں کو صاف کر۔ ہماری بیماریوں کو شفا دے اور ہمارے گناہ معاف کر۔ اور ہمیں ہر بُرے غم اور دِل کے درد سے نجات دے۔ اپنے مقدس فرشتوں سے ہمیں گھیر لے، تاکہ ہم اُن کے لشکر کے ساتھ محفوظ اور راہ یافتہ رہیں، اور ایمان کی یگانگت تک اور تیری اُس جلال کی پہچان تک پہنچیں جو حسّ و حد سے باہر ہے؛ کیونکہ تُو ابد تک مبارک ہے۔ آمین۔

اَے خدا، ہمیں اس لائق بنا کہ ہم شکر کے ساتھ یہ کہیں: اَے ہمارے باپ جو آسمان پر ہے۔۔۔