راسخ الاعتقاد کلیسیا کا اقرارِ ایمان
The Orthodox Creed
حقیقتاً ہم ایک خدا پر ایمان رکھتے ہیں، خدا باپ قادرِ مطلق پر، جو آسمان اور زمین اور تمام دیکھی اور اَن دیکھی چیزوں کا خالق ہے۔
ہم ایک خداوند یسوع مسیح پر ایمان رکھتے ہیں، خدا کے اکلوتے بیٹے پر، جو تمام زمانوں سے پہلے باپ سے مولود ہوا۔ نور سے نور، حقیقی خدا سے حقیقی خدا؛ مولود، مخلوق نہیں؛ باپ کے ساتھ ایک ہی جوہر کا؛ اسی کے وسیلے سے سب چیزیں بنیں۔
وہ ہم انسانوں اور ہماری نجات کے لیے آسمان سے اترا؛ روح القدس اور کنواری مریم سے مجسم ہوا اور انسان بنا۔
پُنطیُس پیلاطُس کے عہد میں وہ ہمارے لیے مصلوب ہوا، دکھ اٹھایا اور دفن کیا گیا؛ اور صحیفوں کے مطابق تیسرے دن مردوں میں سے جی اٹھا۔
وہ آسمان پر چڑھا اور اپنے باپ کی دہنی طرف بیٹھا ہے؛ زندوں اور مردوں کی عدالت کرنے کے لیے پھر جلال کے ساتھ آئے گا؛ اس کی بادشاہی کا آخر نہ ہوگا۔
ہاں، ہم روح القدس پر ایمان رکھتے ہیں، خداوند اور زندگی بخشنے والے پر، جو باپ سے صادر ہوتا ہے؛ جس کی باپ اور بیٹے کے ساتھ پرستش اور تمجید ہوتی ہے؛ جس نے نبیوں کے وسیلے سے کلام کیا۔
اور ایک پاک، جامع اور رسولی کلیسیا پر۔ ہم گناہوں کی معافی کے لیے ایک بپتسمہ کا اقرار کرتے ہیں۔
ہم مردوں کی قیامت اور آنے والے جہان کی زندگی کے منتظر ہیں۔ آمین۔